آپریشن غضب للحق میں اب تک 352 افغان اہلکار مارے گئے: عطا تارڑ – Pakistan
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے آپریشن غضب للحق میں اب تک مارے جانے والے افغان اہلکاروں کی مزید تفصیلات جاری کر دیں۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان کے خلاف کی جانے والی جوابی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کیں۔
عطا تارڑ کے مطابق اب تک آپریشن میں 352 افغان اہلکار مارے جا چکے ہیں جب کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد 535 سے زائد ہے۔
انہوں نے اپنے بیان مین بتایا کہ افغانستان کی 130 چیک پوسٹیں تباہ کر دی گئی ہیں اور پاکستان نے 26 افغان پوسٹوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ افغان طالبان کے 171 ٹینک اور آرمڈ وہیکلز بھی اس آپریشن میں تباہ کیے گئے ہیں اور افغانستان کے 41 مقامات کو فضائی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کی رات پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کا آپریشن غضب للحق جاری ہے۔ پاک فوج نے افغانستان کی حدود کے اندر مختلف مقامات پر جوابی کارروائیاں کیں اورکابل، قندھار اور پکتیا سمیت دیگر مقامات پر موجود عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
Post Comment