افغان طالبان رجیم کی غلط فہمی آج رات ہی دور کر دیں گے: طلال چوہدری – Pakistan
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ افغان طالبان کو آج ہی بتایا جائے گا کہ جواب کیسا ہوتا ہے۔ پاکستان اپنے عوام کے امن کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور دہشت گردی کو ہر صورت ختم کرے گا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی غلط فہمی آج رات ہی دور کر دی جائے گی اور قیام امن کے لیے ریاست اپنی پوری طاقت استعمال کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج رات کے بعد دن نکلے گا تو دنیا دیکھے گی کہ پاکستان نے کس طرح مؤثر جواب دیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کوشش کی کہ مسائل بات چیت سے حل ہوں، لیکن اب پاکستان کے بازاروں اور مساجد میں بم دھماکے بالکل بھی برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے سوا طالبان کے پاس کچھ اور کرنے کی جرات نہیں ہے۔ پاکستان اپنے عوام کے امن کے لیے کسی بھی حد تک جائے گا اور دہشت گردی کو ہر صورت ختم کرے گا۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ افغانستان کو ہر صورت ایک پرامن ہمسایہ بننا ہوگا تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے بھی آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان نے ماہ رمضان میں حملہ کیا ہے، پاکستان اپنی زمین کا دفاع کرنا جانتا ہے، سیکیورٹی فورسز نے حملہ پسپا کر دیا ہے، ہم نے ہرعالمی فورم پرثبوت پیش کیے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ افغانستان جوکارروائی کرے گا بھرپورجواب دیں گے، پہلے بھی بھارت کو منہ توڑجواب دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ جمعرات کی رات پاکستان-افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔
خیبر پختونخوا کے مختلف سرحدی اضلاع میں کی گئی جوابی کارروائی کے دوران افغان فورسز کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا اور متعدد چوکیوں و عسکری سازوسامان کو تباہ کر دیا گیا۔
مہمند کے گرسال سیکٹر میں پاک فوج کی کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے افغان چیک پوسٹیں تباہ کر دیں اور مزید 3 طالبان ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اب تک ہلاک ہونے والے افغان طالبان کی تعداد 30 ہو گئی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سرحد کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا فوری جواب دینے کے لیے الرٹ پر ہیں۔
Post Comment