اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کا مسئلہ جنگ سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل ہوگا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ جنگ رکوانے کے لیے مذاکرات کا راستہ ناگزیر ہو چکا ہے اور پاکستان خطے میں تمام ممالک کی خود مختاری اور سلامتی کا احترام چاہتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو کھلوانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے جب کہ پاکستان بحرین کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کی حمایت کرتا ہے۔
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ مذاکرات اور سفارت کاری کو مزید موقع دیا جائے تاکہ خطے میں امن و استحکام یقینی بنایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کا مسئلہ جنگ کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے جب کہ خطے میں قیام امن کے لیے تمام ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہُرمُز کو کھلوانے کے لیے بحرین کی قرارداد کو روس اور چین نے ویٹو کر دیا، عرب میڈیا کے مطابق قرار داد کے حق میں 11 ووٹ آئے جب کہ دو ارکان غیر حاضر رہے۔