پاکستان کی میزبانی میں 4 فریقی ممالک سعودی عرب، ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ کا اہم مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا ہے۔
ملاقات میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سعوی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، ترکیے کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی شریک ہوئے۔
چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کے ایجنڈے میں خطے کی موجودہ صورت حال، خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگ بندی کے امکانات پر تفصیلی غور شامل تھا۔
اجلاس میں مختلف تجاویز زیر بحث آئیں گی جن کا مقصد تنازع کو کم کرنا اور خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کرنا ہے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی نے پورے خطے کو متاثر کر رکھا ہے اور عالمی سطح پر بھی اس کے اثرات محسوس کیے جا رہے ہیں۔
وزرائے خارجہ کی مصروفیات میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات بھی شامل ہے جہاں انہیں پاکستان کی سفارتی کوششوں اور امن کے لیے تجاویز سے آگاہ کیا جائے گا۔
اس ملاقات میں باہمی تعاون، علاقائی استحکام اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نیک نیتی کے ساتھ خطے میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران سمیت تمام فریقین کے ساتھ رابطے میں ہیں اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے برادر ممالک سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور یہ دورہ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا ایک موقع فراہم کرے گا۔