بنوں: فورسز کے قافلے پر حملہ، 5 دہشت گرد ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 2 جوان شہید – Pakistan



211601137ce6c70 بنوں: فورسز کے قافلے پر حملہ، 5 دہشت گرد ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 2 جوان شہید - Pakistan

ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کےقافلے پر فتنہ الخوارج کا بزدلانہ حملہ،فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج ہلاک، جبکہ لیفٹننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کیا گیا، گاڑی میں سوار خودکش بمبار کو اگلے دستے نے بروقت روک لیا، خودکش حملہ آور کو بروقت روک کر بنوں شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق آپریشن کےدوران فائرنگ کےتبادلےمیں 5 خوارج کو ہلاک کردیا گیا، خوارج نے بوکھلاہٹ میں بارود سے بھری گاڑی اگلے دستےکی گاڑی سے ٹکرا دی، گاڑی تباہ ہونے سے لیفٹننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ مانسہرہ کے رہائشی لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کی عمر 43 سال تھی، شہید لیفٹننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اگلے مورچوں پر قیادت کے لیے معروف تھے،شہید سپاہی کرامت شاہ کی عمر 28 سال تھی، ضلع پشاورکے رہائشی تھے۔

آئی ایس پی آر کےمطابق فتنہ الخوارج افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی جاری رکھے ہوئے ہیں،فتنہ الخوارج ماہ مقدس رمضان کے تقدس کی بھی پامالی کر رہے ہیں،اس امر کی واضح دلیل ہے کہ فنتہ الخوارج کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

صدر،وزیراعظم اوروفاقی وزیرداخلہ نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نےکہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کا سرمایہ ہیں، فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن بلا امتیاز جاری رہیں گے اور قوم کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر کے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے بڑے نقصان کو روکا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئےکہا کہ کرنل شہزادہ گل فراز نے جرات و شجاعت کی تاریخ رقم کی اور جان دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم ہمیشہ ان عظیم قربانیوں کی مقروض رہے گی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ہونے والے خودکش حملے کے حوالے سے سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس واقعے کے تانے بانے افغانستان سے جاملتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حملے کی ذمہ داری ایک گروہ اتحاد المجاہدین نے قبول کی ہے، جسے بعض اطلاعات کے مطابق فتنہ الخوارج سے منسلک قرار دیا جا رہا ہے۔

۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس گروہ کا تعلق تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق گروہ کا مرکزی سرغنہ گل بہادر مبینہ طور پر افغانستان میں پناہ لیے ہوئے ہے۔ ذرائع یہ بھی کہتے ہیں کہ حملوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری سرحد پار سے کی گئی۔

حکام کی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور متعلقہ ادارے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملک میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ دوسری جانب حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔



Source link

Post Comment