کراچی کی رہائشی عمارت میں سلنڈر دھماکا، بچہ جاں بحق، چار افراد زخمی – Pakistan



2208365359ac932 کراچی کی رہائشی عمارت میں سلنڈر دھماکا، بچہ جاں بحق، چار افراد زخمی - Pakistan

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد حیدری کے قریب ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ میں سلنڈر دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق جب کہ حاملہ خاتون سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ عمارت کی دسویں منزل پر لگی تھی جس پر قابو پا لیا گیا۔ امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھائی اور عمارت میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ دھماکہ گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث پیش آیا، متاثرہ فلیٹ میں دو گیس سلنڈر موجود تھے۔

واقعے میں جاں بحق نویں جماعت کے طالب علم، 15 سالہ مصطفیٰ کو نمازِ جنازہ کے بعد سخی حسن قبرستان میں سپردِخاک کر دیا گیا ہے۔

واقعے میں زخمی ہونے والوں میں 70 سالہ تسلیمہ، 45 سالہ حنید، 27 سالہ فاطمہ اور 5 سالہ آنسہ زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ عمارت کی لفٹ اور نیچے کھڑی متعدد گاڑیوں سمیت قریبی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر سینٹرل موقع پر پہنچ گئے عمارت کے اسٹرکچر کا جائزہ لینے کیلئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو طلب کیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا، تاہم واقعے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے کی وجوہات کا تعین کر کے آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔



Source link

Post Comment