ہنڈریڈ لیگ: انگلش کرکٹ بورڈ کی بھارتی فرنچائز مالکان کو شٹ اپ کال – Sports
انگلینڈ کی معروف کرکٹ ٹورنامنٹ دی ہنڈریڈ لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ممکنہ طور پر نظر انداز کیے جانے کی خبروں نے نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارتی فرنچائز مالکان سے منسلک ٹیمیں آئندہ سیزن میں پاکستانی کھلاڑیوں کو منتخب نہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
رپورٹ سامنے آنے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے لیگ کی تمام آٹھ فرنچائزز کو خط ارسال کیا ہے۔
خط میں ٹیم مالکان اور انتظامیہ کو یاد دلایا گیا ہے کہ لیگ میں شمولیت کے اصولوں کے تحت کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ اس کی قومیت کی بنیاد پر امتیاز نہیں برتا جا سکتا۔
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے بھی اس حوالے سے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ لیگ میں تمام ممالک کے کھلاڑیوں کو برابر مواقع ملنے چاہییں۔
ان کا کہنا تھا کہ دی ہنڈریڈ ایک بین الاقوامی معیار کی لیگ ہے اور اس میں میرٹ کو ہی بنیادی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔
بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کچھ بھارتی فرنچائز مالکان اپنی ٹیموں میں پاکستانی کرکٹرز کو شامل نہ کرنے کی پالیسی پر غور کر رہے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے متعلقہ فرنچائزز کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
دی ہنڈریڈ لیگ کو دنیا کی جدید طرز کی کرکٹ لیگ سمجھا جاتا ہے جس میں مختلف ممالک کے کھلاڑی شریک ہوتے ہیں۔ حالیہ صورتحال کے بعد اب یہ دیکھنا ہوگا کہ آئندہ ڈرافٹ اور سلیکشن کے عمل میں کیا فیصلے سامنے آتے ہیں اور آیا پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی دیگر ممالک کی طرح یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں یا نہیں۔
Post Comment