اسحاق ڈار کا دورہ چین: سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینے پر اتفاق – Pakistan



وزیرخارجہ اسحاق ڈار کے دورہ چین کے دوران بیجنگ میں دونوں ممالک نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت چینے پر اتفاق کرلیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اتوار کو نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی دورہ چین میں بیجنگ میں اعلیٰ سطح کی سفارتی سرگرمیوں کے دوران اہم ملاقاتیں جاری ہیں۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شنگ سے ملاقات کی اور اس موقع پر انہوں نے کمیونسٹ پارٹی کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے چوتھے پلینری اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔

دونوں فریقین نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کی مستحکم اور مستقبل کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی ٹو پارٹی روابط، علاقائی صورت حال اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور اس کے علاوہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کو بامقصد اور شایان شان انداز میں منانے پر اتفاق کیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم ڈِنگ شیو شیانگ سے بھی ملاقات کی، جس میں پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

چین کے نائب وزیر اعظم ڈنگ نے چین کے بنیادی مفادات پر پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا اور پاکستان کی قیادت و عوام کے لیے نئے سال کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینے پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد بن حاجی حسن، بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ توحید حسین اور مصر کے وزیر خارجہ بدر احمد محمد عبدالعاطی سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک گفتگو کی۔

نائب وزیراعظم نے ان رابطوں میں دوطرفہ تعلقات، ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی حالیہ علاقائی صورت حال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا اور تمام فریقین نے مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

خیال رہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق چین کے دورے پر ہیں جہاں وہ ساتویں پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *