اسرائیل کا جنوبی لبنان میں میڈیا کی گاڑی پر میزائل حملہ، تین صحافی جاں بحق – World



282231219ba5a25 اسرائیل کا جنوبی لبنان میں میڈیا کی گاڑی پر میزائل حملہ، تین صحافی جاں بحق - World

جنوبی لبنان کے شہر جزین کے قریب اسرائیلی فضائی حملے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین صحافی جاں بحق ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے جاں بحق صحافیوں میں سے ایک کو حزب اللہ سے وابستہ قرار دیا ہے۔

عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز جزین میں میڈیا کی گاڑی پر چار میزائل داغے۔ اس حملے میں لبنان کے نشریاتی ادارے ’المیادین‘ سے وابستہ خاتون صحافی فاطمہ فتونی، ان کے بھائی اور کیمرہ مین محمد فتونی اور ’المنار ٹی وی‘ سے وابستہ صحافی علی شعیب جاں بحق ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق اس حملے میں دیگر صحافی زخمی بھی ہوئے، جب کہ ایمبولینس پہنچنے پر امدادی کارکنوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں طبی عملہ کا ایک رکن بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں حملے کا اعتراف کرتے ہوئے بغیر کسی ثبوت کے علی شعیب کو حزب اللہ کے انٹیلی جنس یونٹ کا رکن قرار دیا تاہم دیگر دو صحافیوں کے بارے میں کوئی واضح مؤقف اختیار نہیں کیا۔ اسرائیلی حکام کا دعویٰ ہے کہ علی شعیب جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی مقامات سے متعلق رپورٹنگ کر رہے تھے۔

المنار ٹی وی نے علی شعیب کو اپنے نمایاں ترین نامہ نگاروں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہائیوں سے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی کوریج کر رہے تھے، جبکہ دونوں نشریاتی اداروں نے اسرائیلی الزامات کو مسترد کیا ہے۔

لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے حالیہ حملوں میں اب تک 6 لبنانی صحافی جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں فرح عمر، ربیع معماری، غسان نجار اور محمد رضا شامل ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں فاطمہ فتونی کے چچا اور ان کے اہل خانہ بھی ایک اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہوئے تھے، جس کی خبر انہوں نے خود براہ راست نشریات میں دی تھی۔

کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق 2025 میں دنیا بھر میں 129 صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں دو تہائی اسرائیلی حملوں میں نشانہ بنے۔

دوسری جانب لبنان کے صدر جوزف عون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران صحافیوں کو بین الاقوامی قوانین کے تحت تحفظ حاصل ہوتا ہے اور اسرائیل کا یہ اقدام عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے ہفتے کے روز لبنان کے 42 قصبوں، شہروں اور علاقوں پر فضائی اور توپ کے حملے کیے، جن میں زیادہ تر حؐلے جنوبی لبنان میں کیے گئے۔

لبنان کی وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 2 مارچ سے شروع ہونے والی اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 1,142 افراد جاں بحق جب کہ 3,315 زخمی ہو چکے ہیں۔





Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *