محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، میدانی علاقوں میں اسموگ اور دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جب کہ پنجاب میں شدید دھند کے باعث مختلف موٹر ویز بند کر دی گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ بالائی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات کے دوران شدید سردی پڑنے کا امکان ہے جب کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور دھند آلود رہے گا جب کہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال اور شیخوپورہ میں سموگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔چند مقامات پر ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، ژوب اور پشین میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے جب کہ سکھر، شکارپور، لاڑکانہ اور موہنجوداڑو میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھانے کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہے گا تاہم چند مقامات پر بارش جب کہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں دھند کے باعث موٹر وے ایم 3 اور ایم 5 کئی مقامات سے بند کر دی گئیں۔
موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 3 درخانہ سے رجانہ تک، موٹر وے ایم 3 ہی جڑانوالہ سے درخانہ تک، موٹر وے ایم 4 گوجرہ سے ملتان تک اور موٹر وے ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بند ہے۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند میں صبح 10 تا شام 6 تک محفوظ سفری اوقات ہیں، قومی شاہراہ پر کسوال، اقبال نگر، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں اور بہاولپور میں بھی دھند ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ 100 میٹر تک ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کاباعث ہو سکتی ہے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں۔ ترجمان موٹر وے پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، دھند میں صبح 10 تا شام 6 تک محفوظ سفری اوقات ہیں، ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں۔
