ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکی ہم منصب مارکو روبیو کے ایران پر حملے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کے مفادات کی خاطر اپنے اور ایرانی شہریوں کو مروا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ’وہ بات جو سب پہلی ہی جانتے تھے بالاخر مارکو روبیو نے اس کا اعتراف کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو ایران سے کبھی بھی خطرہ نہیں تھا، اس نے صرف اسرائیل کی خاطر یہ جنگ مسلط کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اسرائیل فرسٹ‘ پالیسی کے راگ الاپنے والے ہی امریکی اور ایرانی شہریوں کے خون کے ذمہ دار ہیں۔ امریکی عوام بہتر قیادت کے مستحق ہیں، نہیں اپنا ملک واپس لینا چاہیے۔
عباس عراقچی کا یہ بیان امریکی وزیرِ خارجہ روبیو کے ایران پر حملوں سے متعلق حالیہ بیان کے بعد سامنے آیا ہے۔
مارکو روبیو نے ایک بیان میں تسلیم کیا ہے کہ امریکا نے ایران پر حملے اس لیے کیے کیوں کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ انہوں نے اس حملے کے جواب میں ایران کی ممکنہ جوابی کارروائی کو اسرائیل کے ساتھ شامل ہونے کی وجہ بتایا۔
مارکو روبیو سے سوال کیا گیا کہ امریکا کو ایران سے فوری طور پر کوئی خطرہ تھا تو انہوں نے اعتراف کیا کہ اس بات کا انحصار اسرائیلی منصوبے پر منحصر تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے تھے کہ اگر اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تو وہ فوری طور پر ہمارے خلاف کارروائی کرے گا۔
امریکی فوج نے اب تک ایرانی حملوں میں 6 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جب کہ ایرانی ریڈ کریسنٹ کے مطابق امریکی اور اسرائیلی حملوں میں کم از کم 555 ایرانی جاں ہو چکے ہیں۔