امریکا میں شدید برفانی طوفان، 11 ہزار پروازیں منسوخ، ایمرجنسی نافذ – World
امریکا کی شمال مشرقی ریاستیں شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں آ گئی ہیں، جس کے پیش نظر چھ ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق امریکا کی ریاستوں کنیکٹی کٹ، رہوڈز آئی لینڈ، ڈیلاویئر، نیو جرسی، نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
شدید موسمی صورتحال کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے اور امریکا بھر میں 11 ہزار پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
خاص طور پر بوسٹن، نیو یارک اور ایٹلانٹا کے ایئرپورٹس پر ہزاروں مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں، جہاں پروازوں کی منسوخی کے باعث نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔
امریکا کی موسمیاتی ادارے نے اتوار سے پیر تک شدید برفباری اور تیز ہواؤں کی وارننگ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بعض علاقوں میں برفانی ہوائیں معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ساحلی علاقوں میں چار فٹ تک سمندری طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے، جس سے نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔
ریاست نیو جرسی میں تیس برس بعد پہلی بار تمام اکیس کاؤنٹیز میں برفانی طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جسے غیر معمولی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام نے شہریوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر نیویارک شہر میں شدید موسمی حالات کے باعث اسکول بند کر دیے گئے ہیں جبکہ آن لائن کلاسز بھی معطل کر دی گئی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق برفانی طوفان کے باعث ٹرانسپورٹ، تعلیمی اداروں اور کاروباری سرگرمیوں پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں جبکہ ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
Post Comment