اپوزیشن کا عمران خان تک ذاتی معالجین کی رسائی کے لیے رابطے بڑھانے کا فیصلہ – Pakistan
اپوزیشن اتحاد کے اہم اجلاس میں دھرنا جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا جب کہ اپوزیشن رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان تک ذاتی معالجین کی رسائی کے لیے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل کو اپوزیشن اتحاد کا اسلام آباد میں ہونے والا اہم اجلاس ختم ہوگیا، جس میں موجودہ سیاسی صورت حال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں دھرنا جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جب کہ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس کے دوران اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ عمران خان تک ذاتی معالجین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے تیز کیے جائیں۔ اس سلسلے میں قانونی اور سیاسی سطح پر کوششیں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اپوزیشن اتحاد کا ایک اور اہم مشاورتی اجلاس کل دوبارہ ہوگا، جس میں آئندہ کی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دی جائے گی جب کہ اپوزیشن اتحاد کے ارکان کل سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت میں شریک ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی حالیہ پریس کانفرنس کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بگڑتی ہوئی صحت اور جیل میں ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک پر پردہ ڈالنے کے لیے ایک من گھڑت بیانیہ تشکیل دے رہی ہے۔
اپوزیشن اتحاد نے مزید کہا کہ ہم دوٹوک الفاظ میں واضح کرتے ہیں کہ طبی معائنے کے دوران سرکاری ڈاکٹروں پر عدم اعتماد اور ذاتی معالج کی موجودگی کی شرط کوئی انفرادی ضد نہیں بلکہ فیملی، پاکستان تحریکِ انصاف کی قیادت اور تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کا باہمی مشاورت سے کیا گیا متفقہ فیصلہ ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو ان کے ذاتی معالج تک بلا رکاوٹ رسائی دی جائے، فیملی اور قانونی ٹیم سے ملاقاتیں بحال کی جائیں، قیدِ تنہائی کا خاتمہ کیا جائے، شفاف اور کھلی عدالتی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
Post Comment