اپوزیشن کا عمران خان سے ملاقات اور مکمل علاج تک پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنے کا فیصلہ – Pakistan



Ads

اپوزیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات اور مکمل علاج تک پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمعرات کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے اپوزیشن اتحاد کا مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ جس میں اپوزیشن جماعتوں کی مرکزی قیادت نے شرکت کی جب کہ محمود خان اچکزئی کی جانب سے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت دیگر ممبران قومی اسمبلی نے شرکت کی۔

اپوزیشن اتحاد کے مشاورتی اجلاس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کو لے کر آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے کل بعد نماز جمعہ پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی دروازے پر دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے، جو سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات اور مکمل علاج تک جاری رہے گا۔

ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے مرکزی دروازے پر پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت دھرنا دے گی، اس سلسلے میں تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد پہنچنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

دھرنے کا فیصلہ اپوزیشن اتحاد قائدین کی اسلام آباد میں مشاورت کے دوران ہوا، جو کل نماز جمعہ کے بعد سے شروع ہوگا۔ اپوزیشن کے سینیٹرز کو بھی دھرنے میں شرکت کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جب کہ تمام پارٹی ٹکٹ ہولڈر کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کے پی سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین صوبائی، قومی اسمبلی اور اراکین سینیٹ کو دھرنے میں شرکت کی ہدایت کردی۔



Source link

Post Comment