اڈیالہ جیل: عمران خان کی بہنوں نے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر دھرنا دے دیا – Pakistan



راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل جانے والا راستہ بند کردیا ہے اور عمران خان کی بہنوں کو کارکنان کے ہمراہ فیکٹری ناکے پر روک لیا۔ جس کے بعد پی ٹی آئی کارکنان نے دھرنا دے دیا ہے۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دن کے موقع پر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات کے تحت جیل جانے والا راستہ بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی ناکہ بندی کے باعث عمران خان کی بہنیں علیمہ خان، نورین خان اور عظمیٰ خان کارکنان کے ساتھ فیکٹری ناکے پر پہنچیں جہاں انہیں پولیس نے روک دیا۔

پولیس کی جانب سے روکے جانے کے بعد عمران خان کی بہنیں اور پی ٹی آئی کارکنان نے فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت ملنے تک دھرنا جاری رہے گا۔

انتظامیہ کی جانب سے اڈیالہ جیل کے اطراف میں آج سیکیورٹی ہائی الرٹ اور دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ اڈیالہ جیل جانے والے راستوں پرپولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور گورکھپور کے مقام پر اینٹی رائٹس والز لگائی گئی ہیں ۔

پولیس کے اضافی دستے اڈیالہ جیل گورکھپور ناکے پر پہنچ گئے جبکہ اڈیالہ جیل گیٹ نمبر 5 کے باہر واٹرکینن بھی پہنچا دی گئی ہے۔

اڈیالہ جیل انتظامیہ کو گزشتہ روز عمران خان سے ملاقات کے لیے پی ٹی آئی رہنماؤں کی فہرست پہنچا دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق فہرست میں بیرسٹر گوہر سمیت 6 پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام شامل ہیں۔



Source link

Spread the love

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *