برفباری کا نیا اسپیل، بلوچستان سے بالائی علاقوں تک شدید سردی – Pakistan



بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کا دوسرا اسپیل داخل ہو گیا ہے جس کے باعث صوبے بھر میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔ کوئٹہ، قلات، مستونگ اور کان مہترزئی میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جبکہ مسلم باغ، چمن اور دیگر اضلاع میں بھی موسم سرد اور برفانی ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ دوسرا اسپیل آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے۔

بلوچستان میں ستائیس جنوری تک بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ، گوادر، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، خضدار، کیچ، تربت، چاغی، تفتان، نوکنڈی، دالبندین، پنجگور، قلات، واشک، سوراب، ژوب، مستونگ، خاران، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، لورالائی، موسیٰ خیل اور آواران میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

زیارت، چمن، پشین، ہرمازئی، خانوزئی اور کان مہترزئی میں برفباری جبکہ مسلم باغ، لوئی بند، قلعہ عبداللہ، گلستان اور دوبندی میں ہلکی سے معتدل برفباری کا امکان ہے۔ بعض ساحلی اور پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

کوئٹہ اور گردونواح کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اضلاع کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل تیار رکھیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق عملہ ہیوی مشینری کے ہمراہ قومی شاہراہوں پر موجود ہے جبکہ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ متاثرہ اضلاع میں خوراک، کمبل اور دیگر امدادی سامان بھی پہنچا دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے بالائی علاقوں، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں شدید برفباری ہو سکتی ہے۔

ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں برفباری کے باعث سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کا خدشہ ہے۔

بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر مری میں بند سڑکیں کھولنے کا آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے جہاں دو فٹ سے زائد برفباری ہوئی تھی۔ جدید مشینری، سنو سویپرز اور ہیوی ڈیوٹی بلڈوزرز کے ذریعے 185 کلومیٹر طویل سڑکوں کو کلیئر کر کے مال روڈ، پنڈی پوائنٹ، کشمیر پوائنٹ اور دیگر سیاحتی مقامات پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔

تاہم گلیات میں صورتحال اب بھی مشکل ہے اور کئی لنک روڈز تاحال بند ہیں جس کے باعث سیاح پھنسے رہے۔

مانسہرہ میں کاغان جانے والی سڑک بحال کر دی گئی ہے اور شوگران کے علاقے سری پائے میں محصور تین نوجوانوں کو بھی ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

دیر بالا اور شانگلہ میں اب بھی کئی رابطہ سڑکیں بند ہیں اور گاڑیاں مختلف مقامات پر پھنسی ہوئی ہیں۔

اسلام آباد اور گردونواح میں آج موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

لاہور میں آج موسم سرد مگر خوشگوار رہنے کی توقع ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت چھ اور زیادہ سے زیادہ چودہ ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب تیراہ میں شدید اور مسلسل برفباری کے باعث معمولات زندگی متاثر ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے مقامی آبادی کی مدد اور روزمرہ زندگی کی بحالی کے لیے ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔

برف میں پھنسی متعدد گاڑیوں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کو کھانا، کمبل اور ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

خراب موسم کے باوجود پاک فوج اور ایف سی کے افسران اور جوان امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں، جس کے باعث اہم زمینی رابطے بحال ہو گئے ہیں۔ مقامی شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا ہے۔



Source link

Spread the love

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *