ڈھاکا میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ پاکستان کی ٹیم 291 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
میرپور ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 291 رنز کا ہدف دیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تنزید حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 107 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کے سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ لٹن داس نے 41 رنز بنائے جبکہ سیف حسن 36 اور نجم الحسن شانتو 27 رنز بنا سکے۔ توحید ہریدوئے نے بھی اہم کردار ادا کرتے ہوئے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس سے بنگلہ دیشی ٹیم ایک مضبوط مجموعہ بنانے میں کامیاب ہوئی۔
پاکستان کی جانب سے باؤلنگ میں حارث رؤف نمایاں رہے جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نے آغاز تو کیا لیکن وہ مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکی۔ ٹیم کے کئی بلے باز اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے۔
اس دوران سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور ٹیم کو جیت کے قریب لانے کی کوشش کی، تاہم ان کی یہ شاندار اننگز بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی اور پوری ٹیم 279 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں چند تبدیلیاں بھی کی گئی تھیں۔ کپتان شاہین آفریدی نے بتایا کہ شمائل حسین اور حسین طلعت انجری کے باعث میچ میں حصہ نہیں لے سکے، جس کے بعد دو نئے کھلاڑیوں غازی غوری اور سعد مسعود کو قومی ٹیم میں ڈیبیو کا موقع دیا گیا۔
ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کو کیپ بھی دی گئی، جس میں حارث رؤف نے سعد مسعود جبکہ محمد رضوان نے غازی غوری کو ڈیبیو کیپ پیش کی۔
پاکستانی ٹیم میں اس میچ کے لیے صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، غازی غوری، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عبدالصمد، سعد مسعود، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے۔
واضح رہے کہ تین میچوں کی اس سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت کر برابر تھیں، اس لیے تیسرا میچ فیصلہ کن حیثیت اختیار کر گیا تھا۔
پہلے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 128 رنز سے ہرا کر سیریز برابر کر دی تھی۔ تاہم آخری میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم کامیاب رہی اور سیریز اپنے نام کر لی۔