بھارتی ریاست گوا کے نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 23 افراد ہلاک ہو گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بڑی تعداد کلب کے ملازمین کی بتائی جا رہی ہے۔
گوا کے نائٹ کلب
برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی بھارتی ریاست گوا کے ساحلی قصبے ارپورہ میں ہفتے کی رات ایک مشہور نائٹ کلب شدید آتشزدگی کا شکار ہوگیا۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق آگ کلب کے کچن ایریا میں موجود گیس سلنڈر کے طاقتور دھماکے سے پھیلی، جس نے چند ہی منٹوں میں پوری عمارت کو شعلوں کی لپیٹ میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد نائٹ کلب کے اپنے ملازمین کی ہے، جبکہ آگ کی شدت کے باعث ریسکیو ٹیموں کو لاشیں نکالنے میں سخت مشکلات کا سامنا رہا۔ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ بجھانے اور لاشوں کی برآمدگی کا عمل مکمل نہیں ہوسکا، جس کے باعث زخمیوں کی حتمی تعداد بھی تاحال سامنے نہیں آسکی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ اسے کئی کلومیٹر دور تک سنا گیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ارپورہ شمالی گوا کا وہ معروف علاقہ ہے جو خوبصورت ساحلوں، رنگین اور پرتعیش نائٹ لائف اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد کے باعث ہر وقت آباد رہتا ہے۔ دسمبر کا مہینہ گوا میں پیک سیزن ہوتا ہے، جب دنیا بھر سے سیاح بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کرتے ہیں، اسی دوران یہ اندوہناک واقعہ پیش آیا۔
گوا کے وزیر اعلیٰ پرامود ساونت نے ایکس پر جاری بیان میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس دلخراش سانحے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ کلب میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات اور عمارت کے قوانین پر عمل کیا گیا تھا یا نہیں، اور ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر ریسکیو سرگرمیاں تاحال جاری ہیں، جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔