جنوبی افریقا کے خلاف بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی ٹیم سے باہر – Sports



بھارتی آل راؤنڈر اکشر پٹیل طبیعت ناسازی کے باعث جنوبی افریقا کے خلاف آخری دو ٹی 20 میچز کے لیے ٹیم سے باہر ہوگئے جب کہ ان کی جگہ شہباز احمد کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے اور پانچویں میچ سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے کیوں کہ آل راؤنڈر اکشر پٹیل بیماری کے باعث آخری دو میچز سے باہر ہو گئے۔

بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے مطابق اکشر پٹیل بیماری کے باعث جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے آخری دو ٹی 20 میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ اکشر اس وقت ٹیم کے ساتھ لکھنؤ میں موجود ہیں، جہاں ان کا مزید طبی معائنہ کیا جائے گا۔

اکشر پٹیل اس سے قبل دھرم شالہ میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے جب کہ جسپریت بمراہ بھی ذاتی وجوہات کی بنا پر اس میچ سے باہر تھے۔ دونوں کی عدم موجودگی میں کلدیپ یادیو اور ہرشت رانا کو ٹیم میں شامل کیا گیا اور بھارت نے یہ میچ سات وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

سیریز کے ابتدائی دو میچز میں اکشر پٹیل کی کارکردگی ملا جلا رہی۔ کٹک میں انہوں نے 23 رنز بنانے کے ساتھ 2 وکٹیں صرف 7 رنز دے کر حاصل کیں جب کہ نیو چندی گڑھ میں انہوں نے 3 اوورز میں 27 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔ 214 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انہیں نمبر تین پر بھیجا گیا تاہم وہ صرف 21 رنز بنا سکے۔

اکشر پٹیل کی جگہ شہباز احمد کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا، شہباز احمد اب تک بھارت کے لیے تین ون ڈے اور دو ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں، جن میں ان کا آخری میچ 2023 ایشین گیمز کے فائنل میں افغانستان کے خلاف تھا۔

سید مشتاق علی ٹرافی میں بنگال کی نمائندگی کرتے ہوئے شہباز احمد کی کارکردگی زیادہ متاثر کن نہیں رہی، جہاں انہوں نے پانچ میچز میں 60 رنز بنائے اور چار وکٹیں حاصل کیں۔

سیریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ لکھنؤ میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں فائنل میچ کے لیے احمد آباد روانہ ہوں گی۔ پانچ میچز کی سیریز میں بھارت کو اس وقت 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

بھارت کے آخری دو ٹی 20 میچز کے لیے نئے اسکواڈ میں سوریاکمار یادیو (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، جیتیش شرما (وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، جسپریت بمراہ، ورون چکرورتی، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادیو، ہرشت رانا، واشنگٹن سندر اور شہباز احمد شامل ہیں۔



Source link

Spread the love

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *