وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے کی کمی کردی گئی۔
پیر کے روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کر دیا، اس حوالے سے وزارت توانائی پیٹرولیم ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت کی جانب سے آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی فی لٹر قیمتیں مقرر کی گئی ہیں، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت 263 روپے 45 پیسے برقرار رکھی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے کی کمی کی گئی ہے، حالیہ کمی کے بعد فی لیٹر ڈیزل کی نئی قیمت 265 روپے 65 پیسے پر پہنچ گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز کے لیے ہوگیا۔
اس سے قبل یکم دسمبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 79 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا۔
