خاران میں بینک لوٹنے کی کوشش ناکام، 14 دہشت گرد ہلاک – Pakistan



وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خاران میں بینک لوٹنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے، کارروائی کے دوران 14 کے قریب دہشت گرد مارے گئے ہیں، جن میں سے 12 کی تصدیق ہو گئی ہے۔

جمعے کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ خاران میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیا گیا ہے، خاران میں 20 سے 25 لوگوں نے بینک میں داخلے کی کوشش کی، خاران میں ان لوگوں کا منصوبہ بینک لوٹنے کا تھا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز نے بہت اہم کردار ادا کیا، میجرعاصم زخمی ہونے کے باوجود دہشت گردوں سے لڑے، نائب صوبیدار انور نبی بھی بہادرے سے دہشت گردوں کے خلاف لڑے۔

سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 14 دہشت گرد مارے گئے، جن میں سے 12 کنفورم ہلاکتیں ہیں، فورسز کی بروقت کارروائی میں 4 دہشت گردوں کو موقع پر ہلاک کیا گیا اور فرار ہونے والے مزید 8 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 3 ارب روپے سے بلوچستان کے تمام سرکاری اسکول، کالجز، یونیورسٹیوں اور اسپتالوں میں فائبر انٹرنیٹ فراہم کریں گے، خاران میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، بلوچستان میں میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیاں کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچ قوم کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، خاران کے لوگوں نے ان دہشت گردوں کو مسترد کردیا۔ دہشت گرد عام لوگوں کو بسوں سے اُتار کر مار رہے ہیں، ماضی میں بلوچستان کی ہائی ویز 7 سے 10 دن تک بند ہوتی تھیں، آج بلوچستان کی کوئی ہائی وے 7 منٹ کے لیے بھی بند نہیں ہوتی، بلوچستان میں بینکوں کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



Source link

Spread the love

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *