دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب پیر کے روز ڈرون حملہ ہوا ہے جس کے بعد پروازوں کو عارضی طور پر معطل کرنا پڑا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
دبئی میڈیا آفس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ ایئرپورٹ کے قریب ایک ڈرون واقعے کے نتیجے میں ایندھن کے ایک ٹینک کو نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق ایئرپورٹ سے منسلک سڑکوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا جبکہ اماراتی ایئرلائن نے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔
دبئی حکام کے مطابق کچھ پروازوں کو المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ پروازیں کب دوبارہ بحال ہوں گی۔
مشرقِ وسطیٰ کی زیادہ تر فضائی حدود میزائل اور ڈرون حملوں کے خدشات کے باعث بند ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد پروازیں منسوخ، مؤخر یا متبادل راستوں پر منتقل کی جا رہی ہیں۔
دبئی حکام نے کہا کہ مسافر فلائٹس شیڈول کیلئے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں، فلائٹس معطلی صورتحال کے بہتر ہونے تک جاری رہے گی۔
ایئرلائن نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ دبئی ایئرپورٹ نہ جائیں، فلائٹس کے بارے میں مزید اپ ڈیٹس جلد جاری کی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ نے عالمی فضائی سفر کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ اس بحران کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔