دبئی ایئرپورٹ پر ایران کے میزائل حملے میں 4 افراد زخمی – World



01083945882c983 دبئی ایئرپورٹ پر ایران کے میزائل حملے میں 4 افراد زخمی - World

خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کے اثرات دبئی تک پہنچ گئے۔ حکام کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور شہر کی معروف عمارت برج العرب کو نقصان پہنچا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک حصے کو ایک واقعے میں جزوی نقصان پہنچا جس پر فوری طور پر قابو پا لیا گیا۔ اتوار کی صبح جاری بیان میں کہا گیا کہ واقعے میں چار افراد زخمی ہوئے۔

حکام نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم اس بات کی تصدیق کی کہ ایک ڈرون کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈرون کے ملبے سے برج العرب کی بیرونی دیوار پر معمولی آگ لگ گئی جسے جلد بجھا دیا گیا۔ انیس سو ننانوے میں جمیرہ بیچ کے قریب مصنوعی جزیرے پر تعمیر ہونے والا برج العرب دبئی کی نمایاں شناخت سمجھا جاتا ہے اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہتا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل تین میں دھماکے کے بعد دھواں بھر گیا جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور معمولات کی بحالی کے لیے اقدامات کیے۔ بعض فضائی ذرائع کا کہنا ہے کہ رات گئے ہونے والی کارروائی میں ٹرمینل کے ایک حصے کو بھی نقصان پہنچا۔

دبئی میڈیا آفس نے ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ جبل علی بندرگاہ کے ایک حصے میں بھی فضائی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے سے آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پا لیا گیا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں واقع زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی ایک واقعے کی اطلاع دی گئی۔ ابتدائی بیان میں ایک ایشیائی شہری کی ہلاکت اور سات افراد کے زخمی ہونے کا ذکر کیا گیا تاہم بعد میں یہ بیان واپس لے لیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق ایران نے ابوظہبی، دبئی اور دوحہ کی سمت میزائل داغے۔ یہ شہر مشرق اور مغرب کے درمیان فضائی سفر کے اہم مراکز شمار ہوتے ہیں۔ صورتحال کے باعث ہفتے کے روز مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک میں پروازیں معطل کر دی گئیں جن میں دبئی اور ابوظہبی آنے اور جانے والی پروازیں بھی شامل تھیں۔ فلائٹ ٹریکنگ نقشوں میں خطے کی فضائی حدود غیر معمولی طور پر خالی دکھائی دیں۔

عرب میڈیا کے مطابق دبئی کے بعض رہائشی علاقوں میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس سے شہریوں میں تشویش پھیل گئی۔ اسی دوران بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر خطرے کے سائرن بجنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

روسی سفیر نے موجودہ صورتحال کو مشرق وسطیٰ کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو فوری توجہ دینی چاہیے۔ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ عالمی سطح پر حالات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *