دھرندھر کے بعد ’پاکستان میں ناکام را ایجنٹ‘ کی ریلز وائرل – Life & Style



بولی ووڈ کی ایکشن اور مار دھاڑ سے بھر پور فلم ’دھُرندھر‘ نے سنیماگھروں میں دھوم مچانے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی میمز اور مزاحیہ ویڈیوز کا ایک نیا طوفان برپا کر دیا ہے۔

پانچ دسمبر کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے بھارتی باکس آفس پر 350 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کرلیا ہے اور دنیا بھر کے مداحوں اور سلیبریٹیز کی بھی توجہ حاصل کی ہے۔ اداکار رنویر سنگھ، اکشے کھنہ، ارجن رامپال اور سنجے دت جیسے اے لسٹ بولی ووڈ اداکاروں کی موجودگی نے اس فلم کو ایک بلاک بسٹر کامیابی بنا دیا ہے۔

’دھرندھر‘ پروپیگنڈے کے مقابلے میں پاکستان کا فلم ’میرا لیاری‘ جلد ریلیز کرنے کا اعلان

تاہم، ’دھُرندھر‘ کے مداحوں اور انفلوئنسرز نے اس فلم کے کردار ”حمزہ علی مزاری“ (جس کا کردار رنویر سنگھ نے ادا کیا) سے محبت کا اظہار کرنے کا ایک نیا طریقہ اپنایا ہے۔

وہ مزاحیہ انداز میں ”ناکام را ایجنٹ“ کی ویڈیوز بنا رہے ہیں جنہیں پاکستان میں ایجنٹ بننے کی کوشش کے دوران کئی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ ان ویڈیوز میں پاکستان میں ایجنٹ کا پہلا دن دکھایا جاتا ہے، جہاں ان کا رویہ یا تو بھارتی ثقافت سے جڑا ہوتا ہے یا پھر پاکستانی معاشرتی خصوصیات سے ہٹ کر ہوتا ہے۔

ایک ویڈیو میں ایک انفلوئنسر پاکستانی چائے کے اسٹال پر چائے پیتا ہے اور پھر ادائیگی کے وقت ”اسکینر“ مانگتا ہے، جو پاکستان کی معیشت اور بھارت کی ٹیکنالوجی کی ترقی کا دلچسپ موازنہ پیش کرتا ہے، کیونکہ یہاں چھوٹے اسٹالز پر بھی QR کوڈز کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔

ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والی انکیتا سہگل نے اتوار کو ایک مزاحیہ ریل شیئر کی، جس میں وہ ایک پاکستانی بزرگ خاتون سے بات کرتی ہیں، جو انہیں بریانی پیش کرتی ہے۔ انکیتا اسے ادب سے انکار کر دیتی ہیں اور بتاتی ہیں کہ وہ ایکادشی کے روز چاول نہیں کھاتی، جو کہ ہندوؤں میں ایک معروف مذہبی رسم ہے۔

ایک اور ویڈیو میں حمزہ علی مزاری کو رحمان ڈکیت (جس کا کردار فلم ”دھُرندھر“ میں اکشے کھنہ کررہے ہیں) سے ملتا ہوا دکھایا گیا ہے اور جب ان کا تعارف کریا جاتا ہے تو وہ ’السلام وعلیکم‘ کہنے کے بعد فوراً ان کے قدموں کو چھو لیتے ہیں، جو کہ ہندو ثقافت میں بزرگوں کے لیے عزت کا اظہار ہوتا ہے۔

پاکستان مخالف پروپیگنڈا: بولی وڈ فلم ’دھرندھر‘ پر چھ خلیجی ممالک میں پابندی

ایک اور مزاحیہ ویڈیو میں ایک انفلوئنسر اپنے را ایجنٹ کے کردار میں پاکستانی ریستوران میں بیٹھ کر کھانا کھاتے ہوئے بھارت کے مشہور شو تارک مہتا کا الٹا چشمہ دیکھ رہا ہے، جس سے بھارتی کلچر کا شوق ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس طرح کی مزید دلچسپ اور مزاحیہ ویڈیوز پھیل چکی ہیں، جنہیں دیکھ کر ہنسی کو رکنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ان ویڈیوز نے ’دھُرندھر‘ کی مقبولیت میں اضافہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ’دھُرندھر‘ میمز کے اس سلسلہ سے سب محظوظ ہورہے ہیں۔





Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *