راولپنڈی کے 60 سالہ حکیم نے شادی سے متعلق غلط تبصرے کرنے والوں کو جواب دے دیا – Trending
سوشل میڈیا پر بزرگ شہری کی شادی کی ویڈیو وائرل ہے۔ جہاں کچھ صارفین میاں بیوی کی عمر کو لے کر مختلف تبصرے کرتے نظر آرہے ہیں وہیں اس اقدام کو خوب پذیرائی بھی مل رہی ہے۔ اس معاملے پر نوبیاہتا جوڑے کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔
سوشل میڈیا پر راولپنڈی حکیم بابر کی جانب سے شادی کے بعد دلہن کے ہمراہ بیان سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے ان کی شادی سے متعلق غلط تبصرے کرنے والوں کی خوب کلاس لی ہے۔
حکیم بابر نے محبت کی شادی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ’یہ ارینج میرج بھی اور لَو میرج بھی، کیوں کہ ہم دونوں نے پہلے ایک دوسرے کو پسند کیا اس کے بعد ہی شادی ہوئی‘۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی عمر سے متعلق تبصروں کا بھی جواب دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عمر میں کیا رکھا ہے دل جوان ہونا چاہیے‘۔
حکیم بابر نے کہا انہوں نے طلاق یافتہ خاتون سے نکاح کرکے سنت پر عمل کیا ہے، ان کے اس عمل کو سراہا جانا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر تنقید سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس عمل پر تنقید وہ لوگ کر رہے ہیں جو نکاح کے بجائے ناجائز تعلقات کو ترجیح دیتے ہیں۔
ان کی اہلیہ نے بھی اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ’جب دل سے محبت ہو جائے تو عمر کی قید باقی نہیں رہتی‘۔
واضح رہے کہ اس جوڑے کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جس میں ایک باریش شخص عروسی لباس میں ملبوس خاتون کو ہاتھوں میں گجرے پہناتے نظر آرہے ہیں۔
یہ معاملہ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا جس کے بعد مختلف آراء سامنے آنا شروع ہوگئیں۔
جہاں ایک جانب صارفین اس معاملے پر میمز اور مزاحیہ تبصرے کرتے نظر آئے وہیں صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اس اقدام کو سراہا۔ صارفین کا کہنا تھا یہ عمل معاشرے میں نکاح کو عام کرنے کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔
Post Comment