زمبابوے شکست کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر، بھارت کی سیمی فائنل کی امیدیں برقرار – Sports
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں سپر ایٹ مرحلے کے آٹھویں میچ میں بھارت نے زمبابوے کو باآسانی 72 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی اپنی امیدیں برقرار رکھی ہیں جب کہ زمبابوے کی ٹیم میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔
جمعرات کو چنئی میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں گروپ ون کے اہم ترین میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 256 رنز بنائے جو کہ ورلڈ کپ 2026 کا سب سے بڑا اسکور ہے تاہم 257 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز ہی بناسکی۔
اننگز کے آغاز سے ہی بھارتی بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور برق رفتاری کے ساتھ رنز بٹورے، سنجو سیمسن نے 24، ابھیشیک شرما نے 55، ایشان کشن نے 38 اور کپتان سوریا کمار یادیو نے 33 رنز بنائے۔
اختتامی اوورز میں ہاردک پانڈیا اور تلک ورما نے زمبابوین بولرز کا بھرکس نکال دیا۔ پانڈیا 23 گیندوں پر 50 اور تلک ورما 16 گیندوں پر 44 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
زمبابوے کی جانب سے رچرڈ نگاراوا، بلیسنگ موزارابانی اور ٹینوٹینڈا میپوسا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی مگر بھارتی بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ نے زمبابوے کی پلاننگ کو ناکام بنا دیا۔ بھارت کی رن ریٹ 12.80 رہی اور آخری 5 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 80 رنز بنائے گئے۔
اس طرح بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں چھکوں کی برسات کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 256 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، بھارتی بیٹرز نے اننگز میں مجموعی طور پر17 چھکے مارے اور زمبابوے کو جیت کے لیے 257 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کے 257 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کے اوپنرز نے 44 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، جس کے بعد زمبابوے کی بیٹنگ لائن پہاڑ جیسے ہدف تلے دب گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔
دوسری طرف زمبابوے کے اوپننگ بلے باز برائن بینیٹ کریز پر ڈٹے رہے اور انہوں نے کسی بھارتی بولر کو خاطر میں لائے بغیر 97 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
برائن بینیٹ کے علاوہ سکندر رضا نے 31 جب کہ مرومانی نے 20 رنز رنز بنائے۔ اس کے علاوہ دیگر کوئی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شوم ڈوبے، اکشر پٹیل اور ورون چکرورتی نے ایک ایک وکٹ لی۔ جب کہ بھارت کے ہاردیک پانڈیا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس طرح زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز ہی بناسکی جب کہ بھارت نے یہ میچ 72 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کرلیا اور اس فتح کے ساتھ ہی بھارت کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں برقرار ہے۔
بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد زمبابوے کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے جب کہ سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون سے جنوبی افریقا نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
اس گروپ سے دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ اتوار کو ویسٹ انڈیز اور بھارت کے میچ کے بعد ہوگا، جو ٹیم وہ میچ جیتے گی وہ اگلے مرحلے میں پہنچ جائے گی۔
بھارت کے شہر چنئی میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 48ویں میچ میں زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
Post Comment