سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ، کن ملکوں میں رمضان 19 فروری سے شروع ہوگا؟ – World
سعودی عرب سمیت کئی خلیجی ممالک میں آج رمضان المبارک کا پہلا روزہ رکھا جا رہا ہے۔ سعودی شاہی دیوان نے گزشتہ روز 1447 ہجری کے رمضان المبارک کے چاند کی رویت کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ سعودی عرب کی سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر چاند نظر آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں بھی صدارتی عدالت نے رویت ہلال کمیٹی کی تصدیق کے بعد پہلے روزے کا اعلان کیا۔ قطر میں بھی آج پہلا روزہ رکھا جا رہا ہے۔ ان ممالک میں سرکاری اور نجی اداروں کے اوقات کار میں بھی رمضان المبارک کے مطابق تبدیلی کی گئی ہے تاکہ روزہ داروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
امریکا، فرانس اور جاپان سمیت کئی دیگر ممالک میں مقامی مسلم کمیونٹیز نے بھی آج سے روزے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ان ممالک میں چاند کی رویت یا سعودی عرب کے اعلان کی پیروی کرتے ہوئے رمضان کا آغاز کیا گیا۔
دوسری جانب ملائیشیا، سنگاپور، عراق اور برونائی میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے باعث وہاں پہلا روزہ 19 فروری کو ہوگا۔ اسی طرح انڈونیشیا، ترکیہ، آسٹریلیا اور عمان میں بھی چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کی گئی ہے اور ان ممالک میں رمضان المبارک جمعرات 19 فروری سے شروع ہوگا۔
آذربائیجان، قازقستان، کرغیزستان اور ازبکستان کی حکومتوں نے بھی اعلان کیا ہے کہ چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے وہاں پہلا روزہ جمعرات کو رکھا جائے گا۔ برونائی اور فلپائن میں بھی یہی صورتحال ہے۔ بھارت، بنگلادیش اور ایران میں چاند کی رویت سے متعلق اعلان متوقع ہے۔
پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔ ترجمان سپارکو کے مطابق ملک میں پہلا روزہ 19 فروری کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
اس طرح دنیا بھر میں مختلف ممالک میں چاند کی رویت کے مطابق رمضان المبارک کا آغاز مختلف دنوں میں ہو رہا ہے، جبکہ مسلمان عبادات، روزوں اور خصوصی انتظامات کے ساتھ اس بابرکت مہینے کا استقبال کر رہے ہیں۔
Post Comment