سعودی عرب: ہجرتِ نبوی ﷺ کے تاریخی مقامات کی زیارت کے منصوبے کا آغاز – Trending



Ads

سعودی عرب میں ’علیٰ خُطاہ‘ منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ ایک ثقافتی اور سیاحتی منصوبہ ہے جس کا مقصد ہجرتِ نبوی ﷺ کے تاریخی سفر کی یادوں کو تازہ کرنا اور اسے ایک جدید تجربے کے طور پر سیاحوں کے لیے پیش کرنا ہے۔

عرب نیوز ویب سائٹ العریبہ کے مطابق سعودی عرب نے ’علیٰ خُطاہ‘ کے نام سے ایک اہم منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے جس کے تحت نبی کریم ﷺ کے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ تک 470 کلومیٹر طویل تاریخی سفرِ ہجرت کے راستے کو محفوظ اور دستاویزی شکل دی گئی ہے۔

اس منصوبے کی ویب سائٹ کے مطابق یہ ایک ایسا روحانی اور تاریخی تجربہ ہے جس کا مقصد اس مقدس ہجرت کی یاد تازہ کرنا ہے تاکہ ہر زائر اس عظیم واقعے کے روحانی اور تاریخی پہلوؤں سے جڑ سکے اور اس کے اثرات کو محسوس کر سکے۔

سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر افتتاحی تقریب کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

انہوں نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں ’علیٰ خُطاہ‘ منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو ہجرتِ نبوی ﷺ کے راستے کو منظم تعلیمی فریم ورک کے تحت دستاویزی شکل دیتا ہے تاکہ سیرتِ نبوی ﷺ کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔

جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے مطابق یہ منصوبہ جدید اسٹوری ٹیلنگ اور پریزنٹیشن ٹیکنالوجیز کے استعمال سے تیار کیا گیا ہے جو مسلسل چھ ماہ تک جاری رہے گا۔

یہ منفرد تجربہ زائرین کو غارِ ثور سے مسجدِ قبا تک ہجرت کے راستے پر لے جاتا ہے جو تقریباً 470 کلومیٹر پر محیط ہے اور 41 سے زائد تاریخی مقامات سے گزرتا ہے۔

اس سفر کے دوران قیام گاہیں، مہمان نوازی کی سہولیات، ریستوران اور دکانیں قائم کی گئی ہیں، جنہیں اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ تاریخی سفر کی فضا کو معلوماتی اور عملی تجربے کے ذریعے محسوس کیا جا سکے۔

اس منصوبے کا مقصد سعودی عرب کو عالمی ثقافتی سیاحت کے نقشے پر مزید مستحکم مقام دلانا ہے تاکہ تاریخی ورثے اور سیاحت کو یکجا کرتے ہوئے ایک منفرد سفر پیش کیا جا سکے۔

Source link

Post Comment