شہزادہ چارلس کے چھوٹے بھائی اینڈریو کو گرفتار کیوں کیا گیا تھا؟ – World



Ads

برطانیہ کے بادشاہ چارلس کے چھوٹے بھائی اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونزر کو پولیس کی تحویل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ سابق برطانوی شہزادے اینڈریو کو سرکاری عہدے میں بدعنوانی کے شبے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اینڈریو کو پولیس اسٹیشن کے باہر گاڑی سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جہاں وہ پچھلی نشست پر بیٹھے نظر آئے اور پریشان لگ رہے تھے۔ 66 سالہ سابق شہزادے کو تھیمز ویلی پولیس نے پورے دن پوچھ گچھ کے بعد رہا کیا گیا۔ گرفتاری سے قبل بکنگھم پیلس کو مطلع نہیں کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے بادشاہ چارلس نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور ہمارا خاندان مکمل تعاون کرے گا۔

تھیمز ویلی پولیس نے واضح کیا کہ گرفتاری کا مطلب جرم کا مرتکب ہونا نہیں بلکہ صرف شبہ کی بنیاد پر قانونی کارروائی کا آغاز ہے۔ اس جرم کی سزا عمر قید تک ہو سکتی ہے اور یہ کیس کراؤن کورٹ میں سنا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ کارروائی اُن الزامات کی بنیاد پر کی گئی کہ انہوں نے بطور برطانوی تجارتی نمائندہ حساس معلومات جیفری ایپسٹین کے ساتھ شیئر کی تھیں۔

اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونزر نے ہمیشہ ایپسٹین کے ساتھ اپنی دوستی پر ندامت ظاہر کی ہے اور کسی بھی غلط کام سے انکار کرتے آئے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق 2010 میں انہوں نے سرکاری دوروں کے دوران ویتنام، سنگاپور اور دیگر ممالک کے متعلق رپورٹس ایپسٹین کو بھیجی تھیں، جب وہ برطانیہ کے تجارتی نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

بعد ازاں الزامات سامنے آنے کے بعد سال 2011 میں انہیں یہ عہدہ چھوڑنا پڑا تھا اور 2025 میں بادشاہ چارلس نے ان کے شاہی اعزازات واپس لے لیے تھے۔



Source link

Post Comment