لبنان میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں شہادتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق پیر سے جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 102 افراد شہید جبکہ 638 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے لبنان میں حزب اللہ کے ایک لانچنگ پیڈ کو تباہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور تنظیم نے ایک بار پھر اسرائیل پر راکٹوں کی بارش کر دی۔
اسرائیلی حکام کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے فائر کیے گئے تمام 20 راکٹ فضاء میں ہی تباہ کر دیے گئے۔
اُدھر اسرائیل کی جانب سے دارالحکومت بیروت پر بڑی جارحیت کا منصوبہ بھی سامنے آیا ہے اور حزب اللہ کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں رہنے والے افراد کو فوری طور پر انخلا کی دھمکی دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی دھمکیوں اور حملوں کے باعث بڑی تعداد میں شہری نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اب تک تقریباً تین لاکھ افراد متاثرہ علاقوں کو چھوڑ چکے ہیں جبکہ ساٹھ ہزار افراد سرحد عبور کر کے شام میں داخل ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ تنظیم کسی بھی صورت ہتھیار نہیں ڈالے گی، اور اپنی صلاحیت اور ایمان کے مطابق دفاع کرتے رہیں گے۔