ماہِ رمضان کا چاند نظر آ گیا، پاکستان میں پہلا روزہ کل ہوگا – Pakistan



Ads

پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد کل پہلا روزہ ہوگا۔ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے اعلان کے بعد ملک بھر کی مساجد میں پہلی تراویح ادا کردی گئی ہے۔

رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا۔ پشاور کے علاوہ اسلام آباد اور دیگر صوبوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے۔

مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ پاکستان کے مختلف حصوں میں رمضان کا چاند نظر آگیا ہے اور کل بروز جمعرات یکم رمضان المبارک ہوگا۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ ملک بھر سے رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کی کئی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں کل 19 فروری کو پہلا روزہ ہوگا۔

اس کے علاوہ بھارت اور بنگلادیش میں آج چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، دونوں ملکوں میں کل پہلا روزہ ہوگا۔

رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں پہلی نمازِ تراویح کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

شہریوں کی بڑی تعداد نے مساجد کا رخ کیا اور اللہ کی عبادت میں مصروف رہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے۔

انتظامیہ کی جانب سے نمازیوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے جب کہ سیکیورٹی کے سخت اقدامات بھی عمل میں لائے گئے۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مساجد کے اطراف تعینات تھے تاکہ عبادت کے اس مقدس موقع پر امن و امان کو یقینی بنایا جاسکے۔

دوسری جانب سعودی عرب سمیت کئی خلیجی ممالک میں آج رمضان المبارک کا پہلا روزہ رکھا گیا۔ سعودی شاہی دیوان نے گزشتہ روز 1447 ہجری کے رمضان المبارک کے چاند کی رویت کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔

سعودی عرب کی سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر چاند نظر آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

امریکا، فرانس اور جاپان سمیت کئی دیگر ممالک میں مقامی مسلم کمیونٹیز نے بھی آج سے روزے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ان ممالک میں چاند کی رویت یا سعودی عرب کے اعلان کی پیروی کرتے ہوئے رمضان کا آغاز کیا گیا۔



Source link

Post Comment