ملک کے مختلف حصوں میں سرد موسم کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اور شمال سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ موسم مجموعی طور پر خشک اور راتیں سرد رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق یکم سے 3 فروری کے دوران مری، گلیات اور گردونواح میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ پوٹھوہار ریجن، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ 24 گھنٹے الرٹ رہے گا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے مری آنے والے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں جبکہ سیاحوں کی سہولت کے لیے مری میں مختلف مقامات پر فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے شہریوں کو تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے گریز کرنے کی بھی تلقین کی ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
ادھر بلوچستان میں بھی موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شام کے وقت کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، چاغی، نوکنڈی اور دالبندین میں ہلکی بارش اور ہلکی برفباری متوقع ہے۔
کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2، قلات میں منفی 7، زیارت میں منفی 8 اور ژوب میں صفر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 8، تربت میں 12، نوکنڈی میں 6، چمن میں 3 جبکہ ساحلی علاقوں گوادر میں 10 اور جیوانی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
مری اور گلیات میں ہلکی بارش اور برفباری جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید سردی کے ساتھ مطلع ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔