امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ کے دوسرے روز متحدہ عرب امارات میں سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر حکام نے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔
گلف نیوز کے مطابق نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اتوار کو اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ریاست میں صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے اور عوام کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔ اتھارٹی کے مطابق تمام متعلقہ ادارے چوبیس گھنٹے نگرانی کر رہے ہیں اور قومی سطح پر مربوط حکمت عملی کے تحت حفاظتی اقدامات جاری ہیں۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں، گھروں کے اندر محفوظ مقامات پر قیام کریں اور صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔
میزائل وارننگ کی صورت میں کیا کریں؟
وزارتِ داخلہ نے ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے واضح ہدایات دی ہیں کہ اگر میزائل حملے کی وارننگ یا سائرن سنائی دے تو فوری طور پر قریبی محفوظ عمارت میں پناہ لی جائے، کھڑکیوں، دروازوں اور کھلے مقامات سے دور رہا جائے اور مزید ہدایات کا انتظار کیا جائے۔ حکام نے عوام کو تاکید کی ہے کہ گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں اور باہر نکلنے سے گریز کریں۔
گرتے ملبے سے متعلق اہم تنبیہ
وزارتِ دفاع کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ایرانی بیلسٹک میزائلوں کو ملک کے فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ تاہم حکام نے خبردار کیا ہے کہ میزائلوں کے ملبے یا دھات کے ٹکڑے زمین پر گر سکتے ہیں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی مشکوک شے یا ملبے کو ہاتھ نہ لگایا جائے اور فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے۔
سوشل میڈیا پر افواہوں کے خلاف سخت وارننگ
ویک اینڈ کے دوران سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اطلاعات کے پھیلاؤ کے بعد پبلک پراسیکیوشن نے سخت انتباہ جاری کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ نامعلوم ذرائع سے حاصل شدہ معلومات یا افواہوں کو شیئر یا ری پوسٹ کرنا بھی قانوناً جرم ہے، چاہے متعلقہ فرد اس مواد کا اصل خالق نہ ہو۔
متحدہ عرب امارات میں موجود بھارتی سفارتخانے نے بھی اپنی کمیونٹی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
تعلیمی ادارے آن لائن منتقل
صورتحال کے پیشِ نظر وزارتِ تعلیم اور وزارتِ اعلیٰ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولز اور جامعات پیر 2 مارچ سے بدھ 4 مارچ تک آن لائن نظامِ تعلیم اختیار کریں گے۔ اس فیصلے کا اطلاق طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے پر یکساں ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر مدت میں توسیع کی جا سکتی ہے۔
وزارتِ تعلیم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں امتحانات کی منسوخی کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ حکام نے واضح کیا کہ تعلیمی فیصلوں سے متعلق اعلانات صرف سرکاری پلیٹ فارمز کے ذریعے کیے جائیں گے۔
ادھر بھارت کے سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے مشرق وسطیٰ کے سات ممالک میں کلاس 10 اور 12 کے امتحانات عارضی طور پر ملتوی کر دیے ہیں۔ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
قومی یکجہتی کی اپیل
حکام نے زور دیا ہے کہ قومی تیاری کا نظام مکمل طور پر فعال ہے اور روزمرہ زندگی کو محفوظ انداز میں جاری رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور افواہوں سے اجتناب کریں۔