واشنگٹن: وہ غزہ میں پائیدار امن لانے والے پہلے شخص ہوں گے، ٹرمپ کا دعویٰ – World
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بورڈ آف پیس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غزہ میں پائیدار امن لانے والے پہلے شخص ہوں گے، انھوں نے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کی۔
واشنگٹن میں غزہ امن بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ غزہ میں پائیدار امن کے لیے پرعزم ہیں اورغزہ کے عوام کے لیے روشن مستقبل چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان معاہدہ ہو چکا ہے جو خطے میں استحکام کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
صدر ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کا واشنگٹن آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے دوران ان کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کو بہت پسند کرتے ہیں۔
امریکی صدر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو عظیم شخصیت اور فائٹر قرار دیتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے خطاب میں کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران 11 جیٹ طیارے گرے اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح پیغام دیا کہ اگر جنگ نہ رکی تو بھاری ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں کو تجارت بڑھانے کی پیشکش کی۔ ان کے مطابق پاکستان کے ساتھ ایک اچھی تجارتی ڈیل طے پائی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی نمائندوں کے ساتھ بھی ان کے اچھے تعلقات ہیں جب کہ وہ اپریل میں چین کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہترین قرار دیا۔
صدر ٹرمپ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن اور معاشی استحکام کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
بورڈ آف پیس کے اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف، رکن ممالک انڈونیشیا، آذربائیجان، قازقستان کے صدور، اردن کے شاہ عبداللہ، نائب امریکی صدرجے وینس، سعودی عرب اور ترک وزیرخارجہ بھی شریک ہیں۔
ٹرمپ انسٹیٹیوٹ آف پیس میں اجلاس شروع ہونے سے پہلے صدر ٹرمپ کے ساتھ عالمی سربراہان کا گروپ فوٹو ہوا۔ اجلاس میں چین، روس، برطانیہ سمیت سلامتی کونسل کے مستقل اراکین موجود نہیں ہیں۔
Post Comment