ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ – Sports
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
کولمبو میں کھیلے جارہے سپر ایٹ گروپ 2 کا پہلا میچ موسم ابرآلود ہونے کے باعث بارش کے نذر ہونے کا بھی امکان ہے، جہاں ٹاس کے فوراً بعد بارش شروع ہوئی اور پچ کو کور سے ڈھانپ دیا گیا۔
پاکستان ٹیم میں فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، شاداب خان، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، سلمان مرزا اور عثمان طارق شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کپتان مچل سینٹنر، ٹم سیفرٹ، فن ایلن، راچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، جمی نیشم، میٹ ہینری، اش سوڈھی اور لوکی فرگوسن پر مشتمل ہے۔
میچ سے قبل شائقین کی اسٹیڈیم آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، دونوں ٹیموں کے مداحوں میں میچ کے حوالے سے جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور کرکٹ کے شائقین ایک دلچسپ مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔
میچ کے آغاز کے ساتھ ہی ایونٹ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی پر سب کی نظریں مرکوز ہوں گی۔
میچ مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا، جس کے لیے میدان سج چکا ہے اور شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔
اہم میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اوپنر فخر زمان اور لیگ اسپنر ابرار احمد کی پلیئنگ الیون میں واپسی متوقع ہے، جس سے ٹیم کمبی نیشن میں توازن پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
گروپ مرحلے میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی مؤثر رہی۔ پاکستان نے گروپ اے میں تین میچز جیت کر دوسرے نمبر پر جگہ بنائی، جبکہ نیوزی لینڈ نے گروپ ڈی میں تین کامیابیاں سمیٹتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان حالیہ برسوں میں سخت مقابلے دیکھنے میں آئے ہیں تاہم ایک بار پھر شائقین کرکٹ اس مقابلے کو ایک سنسنی خیز میچ قرار دے رہے ہیں۔
جنوری 2022 سے اب تک دونوں ٹیمیں ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 24 مرتبہ مدِ مقابل آ چکی ہیں، جن میں نیوزی لینڈ نے 13 جب کہ پاکستان نے 9 میچوں میں کامیابی حاصل کی تاہم ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں سڈنی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی، جو گرین شرٹس کے لیے اہم یاد گار فتح رہی تھی۔
Post Comment