ٹی 20 ورلڈ کپ: انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنز سے ہرا دیا – Sports
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنز سے شکست دے دی۔ انگلینڈ نے سری لنکا کو 147 رنز کا ہدف دیا تھا، جواب میں میزبان سری لنکا 95 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کینڈی کے پالی کیلے اسٹیڈیم میں اتوار کے روز سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں سری لنکن کپتان دسون شناکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ سری لنکن بالرز نے میچ کے آغاز سے ہی عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔
انگلینڈ کے اوپننگ بیٹر فل سالٹ نے 40 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور میں نمایاں اضافہ کیا۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔
انگلینڈ کی پہلی وکٹ 16 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر جوس بٹلر سات رنز بنانے کے بعد وکٹ کھو بیٹھے۔
جیکب بیتھل 3، ٹام بینٹن 6 کپتان ہیری بروک 14 جب کہ سیم کرن 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکا کے دنیتھ ولالاگے نے 3 جب کہ مہیش تھکشانا اور دلشان مدوشناکا نے 2،2 آؤٹ کیے۔ دشمنتھا چمیرا ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
انگلینڈ کے دیے گئے 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی لڑکھڑانے لگی اور پاور پلے میں ہی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
سری لنکن اوپنر پتھم نسانکا تیسرے اوور میں 15 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد وکٹیں گرنے کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا۔
کپتان دسون شناکا 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کمیندو مینڈس نے 13 جب کہ دنیتھ ویلالاگے اور مہیش ٹھکشانا نے 10،10 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔
انگلش بالر ول جیکس نے تین جب کہ جوفا آرچر، لائم ڈاسن اور عادل رشید نے دو، دو شکار کیے اور میزبان ٹیم کو 95 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
واضح رہے کہ سری لنکا اور انگلینڈ گروپ ٹو میں شامل ہیں، جہاں ان کے ساتھ پاکستان اور نیوزی لینڈ بھی موجود ہیں۔
سپر ایٹ مرحلے کا پہلا میچ گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شیڈول تھا تاہم بارش کے باعث میچ شروع نہ ہو سکا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
سپر ایٹ مرحلے کے اختتام پر ہر گروپ کی ٹاپ کی دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنلز 4 اور 5 مارچ کو شیڈول ہیں، جس کے بعد ٹورنامنٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو جائے گا۔
Post Comment