آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔
قومی ٹیم کے ذرائع کے مطابق سری لنکا اور بھارت میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلد کپ میں پاکستان ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست سمیت دیگر میچز میں فیصلے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کرتے رہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف میچ میں عثمان طارق کو 10 اوورز کے بعد میدان میں اتارنے کا فیصلہ بھی مائیک ہیسن نے کیا تھا۔ اسی طرح فخر زمان کو ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل ہی آگاہ کر دیا گیا تھا کہ وہ پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مائیک ہیسن پر اختیارات کے غلط استعمال کا الزام بھی سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کی ابتدائی فہرست میں بابر اعظم شامل نہیں تھے تاہم مائیک ہیسن کے اصرار پر انہیں سکواڈ میں شامل کیا گیا جب کہ مسلسل ناکامیوں کے باوجود صائم ایوب کو ٹیم میں برقرار رکھا گیا جب کہ شاداب خان کو ابرار احمد پر ترجیح دی گئی۔
ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن اور بولنگ کوچ کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں اور کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ کپتان کے اختیارات بھی کوچ ہی استعمال کرتے دکھائی دیے۔