ٹی20 ورلڈکپ: افغانستان اور جنوبی افریقا کا سنسنی خیز میچ، سُپر اوور کے بعد پھر سُپر اوور – Sports



Ads

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ایک سنسنی خیز گروپ میچ میں افغانستان اور جنوبی افریقا کے درمیان مقابلہ برابر رہا۔ افغانستان نے سپر اوور میں بغیر نقصان کے 17 رنز بنائے، جو جنوبی افریقا نے کامیابی سے بنا لیے اور میچ پھر سے سپر اوور میں داخل ہوگیا ہے۔

بھارت کے شہر احمد آباد میں کھیلے گئے اس میچ نے شائقین کرکٹ کو آخری گیند تک سنسنی میں مبتلا رکھا۔

گروپ ڈی کے اس اہم مقابلے میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقا کی اننگز کا آغاز ایڈم مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے کیا، تاہم ٹیم کو ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب 12 کے مجموعے پر مارکرم فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ابتدائی وکٹ گرنے کے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور ریکلٹن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور افغان بولرز کو زیادہ مواقع نہ دیے۔

دونوں بیٹرز نے نہ صرف ٹیم کو سنبھالا بلکہ تیز رفتار انداز میں رنز بھی اسکور کیے۔ ایک ہی اوور میں دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ ریکلٹن نے 61 رنز جبکہ ڈی کوک نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیوالڈ بریوس نے 23 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ ملر نے 20 رنز کا اضافہ کیا۔ مقررہ 20 اوورز میں جنوبی افریقا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کپتان راشد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر بولرز نے بھی دباؤ برقرار رکھنے کی کوشش کی۔

188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا۔

افغان بیٹرز نے ہدف کے قریب پہنچ کر میچ کو انتہائی دلچسپ بنا دیا، تاہم پوری ٹیم 187 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ یوں دونوں ٹیموں کا اسکور برابر رہا اور میچ ٹائی قرار پایا۔ اب اس مقابلے کا حتمی فیصلہ سپر اوور کے ذریعے کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ افغانستان کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ جنوبی افریقا نے اپنے ابتدائی میچ میں کینیڈا کو 57 رنز سے ہرایا تھا۔ اس میچ کے نتیجے نے گروپ کی صورتحال کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے اور دونوں ٹیموں کے لیے سپر اوور نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *