پاکستانی ہنرمندوں کے لیے خوشخبری: اٹلی کا ساڑھے 10 ہزار ویزے دینے کا اعلان – Pakistan
روم میں پاکستان اور اٹلی کے وزرائے داخلہ کے درمیان ہونے والی ایک اہم ملاقات کے بعد پاکستانی ہنرمند افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع کھل گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے اطالوی ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں باہمی سiکیورٹی، منشیات کی روک تھام اور دہشت گردی کے خلاف تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اطالوی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ ان کا ملک قانونی ہجرت کے عمل کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے ساڑھے دس ہزار ہنرمند ورکرز کو ویزے فراہم کرے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان افرادی قوت کے تبادلے میں تیزی آئے گی۔
ملاقات کے دوران ایک اور اہم فیصلہ یہ کیا گیا کہ پاکستانی سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو اب اٹلی کے ویزے سے استثنا حاصل ہوگا، یعنی وہ بغیر ویزا اٹلی کا سفر کر سکیں گے۔
اطالوی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام محسن نقوی کی جانب سے کچھ عرصہ قبل کی گئی تجویز کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے۔
دونوں وزرائے داخلہ نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں ان جرائم کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
محسن نقوی نے اطالوی حکام کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے اپنے ہوائی اڈوں اور سمندری سرحدوں پر نگرانی کے نظام کو انتہائی سخت کر دیا ہے، جس کی وجہ سے غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔
اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستان کی اس مؤثر پالیسی کی تعریف کی اور کہا کہ انسانی اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف پاکستان کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے اور قانونی طریقے سے اٹلی آنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
Post Comment