پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 14 سال بعد فضائی رابطے بحال ہو گئے ہیں، بنگلہ دیش کی قومی ایئرلائن بیمان ایئر کی پہلی پرواز 150 مسافروں کو لے کر ڈھاکا سے کراچی پہنچ گئی، جس کا کراچی ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال بعد براہ راست فضائی رابطے دوبارہ بحال ہوگئے ہیں، بنگلادیش کی بیمان ایئر لائن کی ڈھاکا سے پہلی پرواز کی کراچی ایئرپورٹ آمد پر کراچی ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
بنگلادیش سے کراچی آنے والی پرواز میں 150 مسافر سوار تھے جب کہ کراچی سے ڈھاکا واپسی جانے والی پرواز میں 140 مسافر سوار تھے۔
تقریب میں بنگلادیشی ہائی کمشنر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی اے ایس ایف کے اعلی افسران شریک تھے۔ بیمان ایئر ابتدائی طور پر ہفتہ وار 2 پروازیں کراچی اور ڈھاکا کے درمیان چلائے گی جب کہ اس کے لیے بوئنگ 737 طیارے استعمال کرے گی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خطاب میں کہا کہ آج پاکستان بنگلادیش کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے لیے تاریخی دن ہے۔ پاکستان بنگلادیش کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کی بحالی دونوں ملکوں کے لیے اہم ہے۔