پاکستان کے مختلف علاقوں میں جمعے کی شب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 6.3 جب کہ گہرائی 190 کلومیٹر تھی جس کے باعث ملک کے شہری اور پہاڑی دونوں علاقوں میں وسیع پیمانے پر جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک محسوس کیے گئے، تاہم فوری طور پر کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کے شہریوں نے زلزلے کے واضح جھٹکے محسوس کیے، جب کہ خیبرپختونخوا کے علاقوں پشاور، سوات، شانگلہ، نوشہرہ اور ہنگو میں ان جھٹکوں کی شدت نسبتاً زیادہ محسوس کی گئی۔
اس کے علاوہ لوئر دیر، مردان، ہری پور، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ صوبہ پنجاب کے متعدد شہر جن میں فیصل آباد، سرگودھا، اٹک، اوکاڑہ، قصور اور چنیوٹ میں بھی زمین لرز اٹھی۔
زلزلے کے ان جھٹکوں کا سلسلہ مظفرآباد، اسکردو اور غذر کے ساتھ ساتھ شیخوپورہ، وزیرآباد اور سیاحتی مقام مری تک بھی محسوس کیا گیا۔ خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں بشمول بنوں، کرک، مالاکنڈ اور لنڈی کوتل سے بھی زلزلے کے جھٹکے رپورٹ ہوئے ہیں۔
اس زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم متعلقہ حکام صورت حال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔