پی ٹی آئی کا باغِ جناح کے بجائے مزارِ قائد کے گیٹ پر جلسہ کرنے کا فیصلہ – Pakistan



Ads

پی ٹی آئی کے پارٹی رہنما راجہ اظہر کے مطابق جلسے کا این او سی دیر سے جاری ہونے کے باعث پارٹی نے مزار قائد کے گیٹ پر جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رہنما پاکستان تحریکِ انصاف راجہ اظہر کا کہنا ہے کہ مجھے ابھی تک کوئی این او سی نہیں دیا گیا، میڈیا پر لیٹر گردش کر رہا ہے لیکن مجھے نہیں ملا، اگر لیٹر صحیح بھی ہے تو اب انتظامات کا وقت نہیں رہا، سندھ حکومت نے ہمارے ساتھ 2 روزاچھا برتاؤ رکھا۔

مزارِ قائد کے سامنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے باغ جناح میں جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، باغ جناح سے کرسیاں اور دیگر سامان اٹھایا جارہا ہے۔ جلسہ مزار قائد کے گیٹ پر ہوگا۔

ادھر، وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ جلسے کے لیے این او سی شرائط کے ساتھ جاری کیا گیا ہے، قانون اور امن کی مکمل ذمہ داری منتظمین پرعائد ہوگی، جلسے کے دوارن اشتعال انگیز تقاریر، فرقہ وارانہ گفتگوکی اجازت نہیں، نہ ہی پاکستان، ریاستی اداروں کے خلاف تقریرکی اجازت ہوگی۔

شرجیل میمن نے واضح کیا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا منتظمین کی ذمہ داری ہے، پروگرام مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا لازم ہوگا، سیکیورٹی وجوہات پر اجازت منسوخی کا اختیار ضلعی انتظامیہ کے پاس ہوگا۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو باغ جناح گراؤنڈ کراچی میں جلسے کی باقاعدہ اجازت دی گئی ہے، 26 نکات پر مشروط جلسے کی اجازت پی ٹی ائی کراچی کے جنرل سیکریٹری ارسلان خالد کے نام ہے۔

شرائط و ضوابطہ کے مطابق کوئی بھی مقررکو نظریہ پاکستان یا ریاست کی سیاست کے خلاف کوئی تقریر نہیں کرے گا۔ افواج پاکستان، برادریوں میں نفرت، انتہا پسندی جیسی کوئی تقریرنہیں ہوگی۔

شرائط میں واضح کیا گیا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ احاطہ چیکنگ کرکے پنڈال کو منتظمین کے حوالے کرے گا۔ جلسے کی مکمل ویڈیو ریکارڈنگ تقریب کے آغاز سے ختم ہونے تک کی جائے گی۔ آرگنائزر کی ذمہ داری ہے کہ وہ ویڈیو سی ڈی کو اگلے دن متعلقہ اداروں کو جمع کرائے۔

جلسے کا پروگرام شام آٹھ بجے سے رات بارہ بجے تک جاری رہے گا۔ جلسے کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور پروگرام مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا منتظمین کی ذمہ داری ہوگی۔

انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ شرائط اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہیں کہ جلسہ پرسکون انداز میں مکمل ہو اور عوامی نظم و ضبط برقرار رہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *