گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ شہر کے جو بھی مسائل ہیں ان پر میری آواز ایسے ہی بلند ہوتی رہے گی اگر چھیڑو گے تو چھوڑیں گے نہیں، کس نے ہٹایا اور کس کے کہنے پر ہٹایا سب جانتا ہوں۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کوئی بھی ساری زندگی کسی منصب پر نہیں رہتا، میں گونگا، بحرہ یا ڈمی گورنر نہیں تھا اور نہ رہنا چاہتا ہوں، منصب سنبھال کر وعدہ کیا تھا میں اللہ کی رضا کے لیے کام کروں گا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ گل پلازہ کے معاملے پر آواز اٹھانے پر اگر انہیں کسی سزا کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنا ان کی ذمہ داری ہے اور وہ اس ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اگر سیاست کی بات کی جائے تو ابھی تو ابتدا ہے اور آنے والے وقت میں ان کی سیاست کا نیا رخ سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے جاری منصوبے اور فلاحی سرگرمیاں بدستور جاری رہیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچ سکے۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے نہال ہاشمی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ آگے آئیں اور جاری اقدامات کو مزید وسعت دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج افطار کا آخری اجتماع ہے مگر عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں گورنر سندھ کے منصب کے لیے نامزد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عوامی خدمت اور مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
قبل ازیں وفاقی حکومت نے مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے اس تعیناتی کے لیے سمری منظوری کے لیے صدر پاکستان کو بھجوا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی سے ملاقات بھی کی اور انہیں گورنر سندھ کی تعیناتی پر مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران صوبے کی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں رانا ثناء اللہ، اسحاق ڈار اور دیگر بھی موجود تھے۔ مسلم لیگ ن کے سنیئر رہنما نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے۔
نہال ہاشمی 1997 سے 1999 تک وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے مشیر برائے قانون، انصاف اور انسانی حقوق رہے تھے۔
سال 2012 میں انہوں نے کراچی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔ اگست اور اکتوبر 2014 میں انھیں مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکرٹری کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔