خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں قریشی موڑ کے قریب شادی کی تقریب میں دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق جمعے کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے قریشی موڑ کے قریب شادی کی تقریب کے دوران زور دار دھماکا ہوا، جس سے موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جب کہ دھماکے کی نوعیت اور وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔