ڈیووس اجلاس: وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل توجہ کا مرکز، روبیو سے ملاقات – Pakistan



وزیرِاعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

سوئٹرزلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے پانچ روزہ اجلاس میں دنیا بھر سے سربراہانِ مملکت اور سیکڑوں عالمی کمپنیوں کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف بھی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اس اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اجلاس میں عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، دونوں رہنماؤں سے کئی عالمی شخصیات کی غیررسمی اور خوشگوار ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔

عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیوسے ملاقات ہوئی۔

اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں کی آذربائیجان کے صدرالہام علیوف اور سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ملاقات ہوئی۔

اجلاس کے موقع پر شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں اُبھرتی ہوئی معیشتوں کو درپیش چیلنجز اور اقتصادی استحکام کے لیے تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری، مالیاتی نظم و ضبط، ادارہ جاتی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے عزم سے آگاہ کیا۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی بہتری کے لیے کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے طویل المدتی اقتصادی اصلاحات کی رفتار برقرار رکھنے پر زور دیا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ غیر رسمی اور دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں معاشی تعاون، علاقائی استحکام اور عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ان ملاقاتوں کے ذریعے پاکستان کے فعال بین الاقوامی کردار کو اجاگر کرنے اور تعمیری مکالمے سے وابستگی کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کی جائے گی۔



Source link

Spread the love

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *