کراچی کے علاقے مائی کلاچی کے قریب کنویں سے ماں اور تین بچوں کی لاشیں ملنے کے لرزہ خیز واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
کراچی کے علاقے مائی کلاچی کے قریب کنویں سے ماں اور 3 بچوں کی لاشیں ملنے کے معاملے پر اہم پیشرف سامنے آئی ہے، جہاں ماں اور بچوں کے لرزہ قتل کی شفاف تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے حکم پر بنائی گئی خصوصی ٹیم ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی کی سربراہی میں تحقیقات کرے گی۔
حکم نامے کے مطابق خصوصی تحقیقاتی ٹیم میں ایک ڈی ایس پی، تین انسپکٹرز اور ایک سب انسپکٹر شامل ہوں گے۔ ٹیم کو واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
خصوصی ٹیم کو ماں اور بچوں کے قتل کے اصل محرکات اور پس پردہ حقائق کا سراغ لگانے کا حکم دیا گیا ہے جب کہ واردات میں ممکنہ طور پر ملوث دیگر ملزمان کی تلاش بھی ٹیم کے دائرہ اختیار میں شامل ہوگی۔
احکامات کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کو ساؤتھ زون میں تعینات افسران اور اہلکاروں کی خدمات حاصل کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔