کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلادھار اور تیز بارش نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے ہیں۔ شہر میں مختلف حادثات میں اب تک 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، جس کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
کراچی میں طوفانی بارش کے بعد شارعِ فیصل پر نرسری کے مقام پر تالاب کی صورت حال ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
شہر میں کئی عمارتوں کے بیسمنٹ پانی سے بھر گئے ہیں جب کہ کئی مقامات پر سڑکوں کے دھنس جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ سڑکوں پر گاڑیوں اور موٹرسائیکل سواروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
کمشنر کے کنٹرول روم اور متعلقہ افسران نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور فیلڈ میں سرگرم رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ شہری کسی بھی مدد یا شکایت کے لیے ریسکیو ہیلپ لائن 1299 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
شہر کے علاقوں گرومندر، گارڈن، صدر، اولڈ سٹی ایریا، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، اسکیم 33، ملیر، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی، ڈیفنس، کلفٹن، کورنگی اور لانڈھی میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
کمشنر کراچی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں واٹر کارپوریشن، ٹاؤن ایڈمنسٹریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا عملہ، مشینری اور گاڑیاں مستعد ہیں۔ جن شاہراہوں پر پانی جمع ہے، وہاں پانی کی نکاسی اور ٹریفک کے مسائل میں مدد کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ٹیمیں بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں اور شکایات کے ازالے کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
رین ایمرجنسی کے تحت مختلف اضلاع میں ہیلپ ڈیسک اور کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
ضلع شرقی میں نرسری، نیپا چورنگی، نیشنل اسٹیڈیم، نمائش چورنگی، سمامہ چوک، مدراس چوک، صفورا چورنگی، سہراب گوٹھ میں ہیلپ ڈیسک اور رین ایمرجنسی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
ضلع جنوبی میں ڈی سی آفس ایم اے جناح روڈ، شاہین کمپلیکس چوک، کے ایم ٹی مین آفس، ٹاؤن ایڈمنسٹریشن لیاری آفس، چاکیواڑہ ایمرجنسی کیمپ نصب کیے گئے ہیں۔
ضلع کیماڑی میں ٹاؤن آفس بلدیہ، ڈی سی آفس کیماڑی، ٹرک اسٹینڈ، ماری پور، گلبرگ انٹر چینج سائٹ پر ایمرجسنی کیمپ لگائے گئے جبکہ
ضلع وسطی میں گلبرگ سب ڈویژن میں واٹر پمپ عائشہ منزل اور دیگر مقامات پر رین ایمرجنسی کیمپ لگائے گئے۔
ضلع کورنگی میں ماڈل کالونی، کالا بورڈ، نیشنل ہائی وے، سعوداباد چورنگی، لانڈھی، فشر مین چورنگی، شاہ فیصل ٹی ایم سی، بوائز اسکول کالونی نمبر 2 میں بھی انتظامیہ کی طرف سے ہیلپ ڈیسک اور رین ایمرجنسی کیمپ لگائے گئے۔
کمشنر کراچی نے واضح کیا کہ رین ایمرجنسی کے دوران تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک رہیں گے تاکہ شہریوں کو بروقت امداد اور سہولیات فراہم کی جا سکیں اور شہر میں بارش کے باعث ہونے والے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔
خیال رہے کہ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے ہلکی اور درمیانی شدت کی بارش کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا تھا، تاہم دوپہر کے وقت موسلا دھار بارش کا آغاز ہوا جس کے بعد شہر کی مختلف سڑکیں زیر آب آگئیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آج شہر کا مطلع زیادہ تر ابر آلود رہے گا جبکہ تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔