کراچی: گل پلازہ میں شدید آگ بھڑک اٹھی، دو افراد جاں بحق، کئی عمارت میں پھنس گئے – Pakistan



Ads

کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں شدید آگ بھڑک اٹھی ہے۔ فائر بریگیڈ کی دس گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں جب کہ اسنارکل بھی موقع پر موجود ہے۔ آگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی افراد پلازہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔

کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث پلازہ میں شدید دھواں پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ گل پلازہ کے میزنائن فلور پر لگی، جس کے شعلے دور سے نظر آئے۔

آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی دس گاڑیاں اور اسنارکل موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ نے کم از کم پانچ دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ آگ سے جھلس کر دو افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، پلازہ میں بھگدڑ کے دوران کئی افراد بھی زخمی ہوئے، جنہیں نکال کر فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

عمارت میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی گئی ہیں، حکام کے مطابق کئی افراد ابھی بھی عمارت کے اندر پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ جنہیں نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ آگ کی شدت زیادہ ہے، جس کے باعث اسے قابو میں لانے میں وقت لگ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صورت حال کے پیش نظر مزید فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی طلب کر لی گئی ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ ایس ایس سٹی فوری طور پر ریسکیو کے اقدامات کرے اور عمارت میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ شہریوں کو محفوظ راستے فراہم کرنے کے لیے متبادل ٹریفک روٹس بھی بنائے جائیں۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ گل پلازہ کی عمارت کی مکمل سیکیورٹی اور حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ آگ مزید پھیلنے سے روکی جا سکے۔ ساتھ ہی فائر بریگیڈ گاڑیوں اور عملے کی عمارت تک بلا رکاوٹ رسائی کے لیے راستوں کو کلیئر کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے فوری تفتیش اور تحقیق کی جائے۔



Source link

Post Comment