یونٹ کے بدلے یونٹ: پرانے سولرصارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی برقراررکھنے کا فیصلہ – Pakistan
سولر صارفین کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نیپرا نے اعلان کیا ہے کہ پرانے صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی برقرار رہے گی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے پرانے سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے سولر پالیسی 2026 کے ترمیمی مسودے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اتھارٹی نے مجوزہ ترامیم پر شراکت داروں اور متعلقہ فریقین سے 30 روز کے اندر تجاویز طلب کرلی ہیں۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ تمام آرا اور سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مجوزہ ترامیم کا اطلاق 9 فروری سے کیا جائے گا۔ تاہم پرانے نیٹ میٹرنگ صارفین کی موجودہ پالیسی اور شرائط کو برقرار رکھا جائے گا۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ پرانے نیٹ میٹرنگ صارفین کے ریٹ اور کنٹریکٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ موجودہ صارفین کو نیٹ بلنگ کے بجائے نیٹ میٹرنگ کی سہولت بدستور حاصل رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق پرانے صارفین کا سات سالہ معاہدہ اور بائی بیک ریٹ بھی برقرار رہے گا اور اس میں کوئی ردوبدل نہیں ہوگا، دوسری جانب نئے صارفین پر نئے ریگولیشنز اور نیٹ بلنگ سسٹم کا اطلاق ہوگا، نئے صارفین کا کنٹریکٹ پانچ سال بائی بیک ریٹ نیشنل ایوری ٹیرف ہوگا۔
یاد رہے کہ اس قبل نیپرا نے نیٹ میٹرنگ کے پرانے نظام کو ختم کر کے نیٹ بلنگ کا نیا قانون نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ نئے نظام کے تحت گھریلو، صنعتی، بائیو گیس اور ونڈ سمیت ایک میگاواٹ تک بجلی پیدا کرنے والے صارفین کو ”پروسیومر“ کا درجہ دیا گیا، جو اپنی ضرورت پوری کرنے کے بعد اضافی بجلی قومی گرڈ کو فروخت کر سکیں گے۔
نیٹ بلنگ کے تحت بجلی کی خرید و فروخت نیشنل ایوریج ٹیرف کے مطابق ہو گی اور حساب کتاب ہر بلنگ سائیکل کے اختتام پر کیا جائے گا، جبکہ اضافی رقم اگلے بل میں ایڈجسٹ یا سہ ماہی بنیاد پر ادا کی جا سکے گی۔ نیپرا کے مطابق نئے معاہدوں کی مدت پانچ سال مقرر کی گئی ہے، تاہم پرانے معاہدے اپنی موجودہ مدت تک برقرار رہیں گے اور تجدید کے وقت نئے قواعد لاگو ہوں گے۔
Post Comment