برطانوی حکام کی جانب سے ملک بدری کے بعد معروف پاکستانی یوٹیوبرزاور ڈیجیٹل کریئیٹرز رجب بٹ اور ندیم نانی والا پاکستان واپس پہنچ گئے۔
دونوں برٹش ایئرویز کی پرواز BA-2161 کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے، جہاں ان کے مداحوں اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔
واپسی کے سفر کے دوران دونوں یوٹیوبرز نے جہاز میں اپنی تصاویر اور مختصر ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جنہیں چند ہی گھنٹوں میں ہزاروں افراد نے دیکھ لیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد امیگریشن حکام نے امیگریشن کا عمل مکمل کیا، جس کے بعد دونوں گھر روانہ ہو گئے۔
برطانیہ نے پاکستانی یو ٹیوبر رجب بٹ کو ڈی پورٹ کر دیا
واپسی سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے رجب بٹ اور ندیم نانی والا کو گیمبلنگ ایپ اور سائبر کرائم کیسز میں ایک دن کی حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ اسلام آباد پہنچنے پر انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔
جسٹس انعام امین منہاس نے درخواست گزاروں کے وکیل احد کھوکھر کے دلائل سننے کے بعد حکم جاری کیا۔ وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے مؤکل وطن واپس آ کر قانونی کارروائی میں حصہ لینا چاہتے ہیں، لہٰذا انہیں محفوظ واپسی کے لیے حفاظتی ضمانت دی جائے۔
گزشتہ روز برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ نے رجب بٹ کے 2027 تک کے ویزے کو فوری طور پر منسوخ کرتے ہوئے انہیں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
’ہر طرح کا تعاون کیا پھر بھی مارا گیا‘، جیل سے رہائی کے بعد ڈکی بھائی نے خاموشی توڑ دی
ابتدائی طور پر ان پر دہشت گردی اور شرپسند سرگرمیوں سے متعلق الزامات بھی لگے تھے، جو تحقیقات میں بے بنیاد ثابت ہوئے۔ تاہم حکام کے مطابق ویزا منسوخی کی وجہ درخواست میں فراہم کی گئی ”نامکمل اور غلط معلومات“ تھیں، جسے قواعد کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
مزید یہ کہ رجب بٹ کے خلاف مختلف شکایات کے بعد ان کی فائل دوبارہ کھولی گئی، جس کے نتیجے میں برطانوی حکومت نے انہیں ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان پہنچنے کے بعد رجب بٹ نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کے فیصلے کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ برطانوی حکومت کی جانب سے کی گئی کارروائی کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی اور ویزہ منسوخی جانب دارانہ کارروائی“ محسوس ہوتی ہے۔
ڈی پورٹ ہونے کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر شدید بحث دیکھنے میں آئی۔ کچھ صارفین نے اسے قانون کی جیت قرار دیا، جبکہ کئی افراد نے یوٹیوبرز کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود ان کے مداحوں کا کہنا تھا کہ وہ امید رکھتے ہیں کہ دونوں نوجوان یوٹیوبرز اپنے قانونی معاملات صاف کر کے ایک بار پھر اپنا کام جاری رکھیں گے۔